فیصل آباد(حمزہ اکرم)ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ماڈل بازار جھنگ روڈ میں آزادی گالا کا شاندار انعقاد کیا گیا۔گالا میں تعلیمی اداروں کے طالب علموں نے وال پینٹنگز،مہندی کے مقابلوں میں حصہ لیکر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔اس موقع پر ملی نغمے،جھومر،فوک گیت،غزل،قوالی کے مقابلے بھی ہوئے۔ سکولوں کے بچوں نے مارچ پاسٹ اورسلامی دی۔علاوہ ازیں موضوعاتی ڈرامہ اور سٹالز سجائے گئے۔ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے گالا میں شرکت اور سٹالز کا وزٹ کرکے نوجوانوں کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔انہوں نے آزادی گالا کے منتظمین اور مقابلوں میں شریک طالب علموں میں شیلڈز اور تحائف تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی گالا میں شہریوں کی بھرپور شرکت وطن سے محبت کی علامت ہے اور نوجوانوں کو آئندہ بھی تفریح کے بھرپور مواقع فراہم کریں گے۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،انچارج ماڈل بازار محمد زاہد،انچارج ضلعی کنٹرول روم محمد صادق،ماہر تعلیم محمد اختر بٹ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔