فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) قومی صنعتی نمائش کے ذریعے پاکستان کی معیاری مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی راہ ہموار ہوگی۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز پنجاب طاہر رضا ہمدانی نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں مجوزہ صنعتی نمائش کے بارے میں ایک آگاہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ فیصل آباد ملک کا اہم ترین صنعتی مرکز ہے اس لئے وہ چاہتے ہیں کہ فیصل آباد کے سرکردہ صنعتکار اس میں لازمی شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش ہارس اینڈ کیٹل شو 2022کے موقع پر فوٹریس سٹیڈیم لاہورمیں 10سے 16مارچ تک ہوگی جس میں فیصل آباد کے صنعتکاروں کیلئے لائلپور انکلیو کے نام سے الگ جگہ مختص کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس میں 18×8فٹ کے تقریباً ایک سو سٹال ہوں گے۔ تاہم اگر زیادہ لوگ اس میں شرکت کے خواہشمند ہوئے تو پھر پہلے آؤ پہلے پاؤ کی بنیاد پر سٹال الاٹ کئے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اس میں تاجروں کو شامل نہیں کیا جائے گا۔ تاہم فٹنس کا سامان تیار کرنیوالے صنعتکاروں کو نمائش میں سٹال دینے پر غور کیا جائے گا جبکہ سٹال ہولڈرز کی سہولت کیلئے وہاں براڈ بینڈ سروس بھی مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش کے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور توقع ہے کہ سوموار تک تمام معاملات کو طے کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں شرکت کرنے والوں کو اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ سے عمر بھر کا فائدہ ہوگا۔مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے صنعتی نمائش کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ 7دنوں کیلئے سٹال کی بہت کم قیمت رکھی گئی ہے۔ اس لئے ان کی کوشش ہوگی کہ فیصل آباد سے کم از کم 25سے 30ممبران لازماً اس میں شرکت کریں۔ ان میں فیبرک اور لان کے علاوہ پینٹ، کیمیکل، انجینئرنگ اور فونڈری کے لوگ بھی شامل ہوں گے۔ انہوں نے صنعتوں کے فروغ کے سلسلہ میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ویژن کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے کرونا کے دوران سمارٹ لاک ڈاؤن کی جو حکمت عملی اختیار کی تھی اس سے نہ صرف صنعتوں کا پہیہ رواں رہا بلکہ بے روزگاری کے طوفان کو بھی روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر قومی ترقی کے کاز کیلئے اس صنعتی نمائش کی ہر ممکن سپورٹ بھی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے انہیں سیالکوٹ ماڈل اختیار کرنے کا کہا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منفرد ماڈل کے پس پردہ موجودہ کمشنر فیصل آباد زاہد حسین کی فکر شامل تھی۔ انہوں نے بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبے مکمل کرنے کیلئے ضلعی حکومتوں کو 80:20کی شرح سے فنڈ فراہم کیے جاتے تھے۔ سیالکوٹ ماڈل اس کے تحت ہی مکمل ہوا۔ لیکن بد قسمتی سے پنجاب نے اس سکیم سے فائدہ نہیں اٹھایا۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کے سابق ضلعی ناظم رانا زاہد توصیف نے انہیں بتایا کہ ان کے پورے دور میں اس فنڈ کا صرف 6فیصد استعمال کیا گیا۔ تاہم اب وہ کمشنر کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بڑے پیمانے پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ماڈل پر اہم منصوبے شروع کریں گے جن میں جدید ایئرپورٹ، ہسپتال، ہوٹل اور تھیم پارک وغیرہ شامل ہوں گے۔ ایگزیکٹو کے رکن اظہر چوہدری نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چیمبر کے صدر بہت جلد اس صنعتی نمائش کیلئے فوکل پرسن کو نامزد کریں گے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ چونکہ ہر سٹال پر کم از کم چھ سے سات افراد پر مشتمل سٹاف تعینات ہوگا اس لئے فوٹریس سٹیڈیم کے نزدیک ترین جگہ پر ان کی رہائش کا بھی انتظام کیا جانا چاہیے۔ اس سے قبل سوال وجواب کی بھی نشست ہوئی جبکہ آخر میں صدر عاطف منیر شیخ نے ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز طاہر رضا ہمدانی کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ ا س موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز شہباز احمد بھی موجود تھے۔