فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی تمام مشینری سانحہ جڑانوالہ میں متاثر ہونے والے گرجاگھروں کو اصل حالت میں بحال کرانے کے لئے سرگرم عمل ہے اور جلد تمام چرچز کی مرمت وبحالی کا کام مکمل ہوجائے گا۔انہوں نے یہ بات جڑانوالہ کا دورہ کرکے مسیحی افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر چمڑا منڈی،لاہور روڈاور جھمرہ روڈ کے گرجاگھروں میں گئے اور تعمیر و مرمت کے بعد تزین و آرائش کے کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایاکہ چمڑا منڈی گرجاگھر میں دعائیہ حصہ بحال کردیا گیا ہے جبکہ بقیہ حصوں اور دیگر گرجاگھروں کی سو فیصد بحالی کے لئے تیز رفتار اقدامات جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو بحالی کے کام کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی۔انہوں نے کرسچین کمیونٹی سے بھی ملاقات کی انہیں یقین دلایا کہ متاثرین جڑانوالہ مسیحی فیملیز کی سو فیصد بحالی اور گرجاگھروں کو مرمت کے بعد بحال ومتعلقہ منتظمین کے حوالے کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔