فیصل آباد(حمزہ اکرم)سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس پنجاب لیفٹیننٹ(ر)سہیل اشرف نے کہا کہ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں سانحہ جڑانوالہ کے مسیحی خاندانوں کے نذرآتش ہونے والے گھروں اور گرجاگھروں کی مرمت وبحالی کے لئے ہنگامی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔اس ضمن میں نقصان زدہ مکانات وچرچز کا تخمینہ لگایا جارہا ہے جن کی تعمیر ومرمت فی الفور شروع کردی جائے گی۔انہوں نے جڑانوالہ کا ہنگامی دورہ کرکے ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کے ہمراہ گرجاگھروں کا دورہ کیا۔سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس نے عمارات کا جائزہ لیا اور بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو فوری تعمیراتی عمل شروع کرانے کا حکم دیا۔انہوں نے موقع پر موجود مسیحی رہنماؤں سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ حکومت پنجاب نے ان کی املاک کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالہ کے لئے فوری اور برق رفتار اقدامات شروع کردیئے ہیں۔انہوں نے واقعہ پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی اس افسوسناک واقعہ پر رنجیدہ ہے۔سیکرٹری نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے فوری طور پر پانچ گرجاگھروں کی بحالی کا کام شروع کرایا جارہا ہے اس ضمن میں مسیحی رہنماؤں کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کی سو فیصد بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ڈپٹی کمشنرنے ریلیف کیمپ دانش سکول میں مقیم مسیحی افراد کے لئے کئے گئے انتظامات بارے آگاہ کیا۔