فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کی طرف سے جڑانوالہ سانحہ کے متاثرین مسیحی بے گھر افراد کو عارضی رہائش فراہم کردی گئی۔سنٹرآف ایکسیلینس دانش سکول میں متاثرین کے قیام کے لئے بہترین انتظامات کرکے فیملیز کو منتقل کردیا گیا۔کمشنر سلوت سعید اورآرپی او نے دانش سکول کا دورہ کرکے متاثرین کے قیام کے انتظامات چیک کئے۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ سمیت ڈویژنل وضلعی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔کمشنر نے ریلیف کیمپ میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور اپنی نگرانی میں متاثرین کو صبح کا ناشتہ اور دوپہر کامعیاری کھانا بھی فراہم کرایا۔انہوں نے پنکھوں کے فنکشنل ہونے سمیت صاف اور ٹھنڈے پانی کی دستیابی،واش رومز فنکشنل اور صفائی کے انتظامات بھی چیک کئے۔انہوں نے خواتین ومردحضرات سے انتظامات بارے دریافت کیا۔کمشنر نے سینما چوک کرسچین کالونی کا بھی دورہ کیااور متاثرین سے ملاقات کرکے انہیں یقین دلایا کہ گھروں وگرجاگھروں کی تعمیر وبحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔