فیصل آباد (عثمان صادق) گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ایوب ریسرچ کے زیر اہتمام یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے مقبوضہ کشمیرکے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے واک منعقد ہوئی جس کی قیادت پرنسپل کالج ڈاکٹر سائزہ خانم نے کی۔اساتذہ اور طالبات بھی شریک تھیں جنہوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بینرزاورپلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ کشمیربنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔پرنسپل ادارہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کا ہر شہری مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اورکشمیرکی آزادی کے لئے ان کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ شہیدوں کا خون ضرور رنگ لائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکے پر امن حل کے لئے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔اس سلسلے میں عالمی اداروں کو موثرکردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیرپر پوری قوم چٹان کی طرح متحد ہے جو کہ کشمیرکی آزادی کے لئے واضح پیغام ہے.