فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں ضلعی کنوینر ایم این اے فیض اللہ کموکا کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں قائمقام ڈپٹی کمشنرقیصر عباس رند،ارکان اسمبلی میاں وارث عزیز،فردوس رائے کے علاوہ دیگر ارکان اسمبلی کے نمائندے بھی موجود تھے۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طاہر محمود،ایڈیشنل ڈی جی ایف ڈی اے عابد حسین بھٹی،سی او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بلال فیروز جوئیہ،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ساجدہ لطیف،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وقار یوسف اور دیگر محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران ڈی ایف سی نے آٹا کے سٹاک، سپلائی کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 10 کلوگرام آٹے کا تھیلہ 648 روپے کی رعایتی قیمت پر 28 سیل پوائنٹس اور 1150 دکانوں پر سپلائی کیا جارہا ہے اوراب تک 95 لاکھ 58 ہزار393 تھیلے سپلائی کئے جاچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریکارڈ میں ہیراپھیری پر 28 ملز کا کوٹہ معطل اور 58 لاکھ روپے جرمانہ کے علاوہ 23 مقدمات بھی درج کرائے گئے۔ضلعی کنوینر نے ڈی ایف سی سے کہا کہ ارکان اسمبلی سے رابطہ کرکے ان کے حلقوں میں ٹرکنگ پوائنٹس کے قیام کے لئے اقدامات ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری آٹا کھلا اور مہنگے داموں جبکہ دیگر سامان خریدنے کی شرط عائد کرنے والوں کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے ماسٹر پلان کے حوالے سے الگ میٹنگ منعقد کی جائے گی۔انہوں نے قومی وصوبائی حلقوں میں سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز پروگرامIV،اے ڈی پی،ڈی ڈی پی کے تحت عوامی بہبود کے منصوبوں پرعملدرآمد کی پراگریس کا جائزہ لیا اور بعض منصوبے میں کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے گورنمنٹ جنرل ہسپتال حسیب شہید کالونی کا دورہ کرکے موقع پر جاری ترقیاتی عمل پر بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا۔ضلعی کنوینر نے کہا کہ ترقیاتی پروگرامز پر عملدرآمد کرانے والے محکموں کی طرف سے ایک فیصد بجٹ پلانٹیشن کے لئے پی ایچ اے کو ٹرانسفر کرنے کی تفصیل آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی تاکید کی جس میں کتنے فنڈ پی ایچ اے کو منتقل ہوئے،کتنے استعمال اور بقیہ کی تفصیل شامل ہو۔انہوں نے ایم پی اے فردوس رائے کی نشاندہی پرایک سکول میں فرش کے تعمیراتی کام میں نقص کو چیک کرنے اور فی الفور اس کی کوالٹی درست کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کی 10/10 کروڑ روپے کی لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ سکیمزپربریفنگ لی اور سکیمیں فائنل کرکے ان پر تیز رفتار عملدرآمدکی تاکید کی۔ انہوں نے ڈی سی سی کی میٹنگ میں محکموں / اداروں کے سربراہان کو شرکت یقینی بنانے اور غیر حاضر افسران سے وضاحت طلب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔قائمقام ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی میٹنگ میں ارکان اسمبلی کی طرف سے نشاندہی کئے گئے امور کی ترجیحی بنیادوں پر رپورٹ لی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی سے گہرا رابطہ استوار رکھ کر عوامی ضرورت کے منصوبوں کی تکمیل اور انہیں درپیش مسائل کا ازالہ یقینی بنائیں گے۔