فیصل آباد ( نمائندہ ایف ٹی وی ) صنعتی اورتجارتی اداروں کے ملازمین کو ”میرا پاکستان۔ میرا گھر سکیم“ کے تحت قرض کی فراہمی کے طریقہ کار کو انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے جس کے تحت متعلقہ کمرشل بینکوں کی ٹیم خود اِن اداروں میں جا کے قرض کی درخواستوں کی منظوری دے گی۔ یہ بات سٹیٹ بینک آف پاکستان کے سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر محمد اکبر نے آج فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ سے ملاقات کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق گورنر سٹیٹ بینک”میرا پاکستان۔ میرا گھر“ سکیم کو کامیاب بنانے کیلئے کوشاں ہیں اس سلسلہ میں کمرشل بینکوں کے تحفظات کو دور کرنے کے علاوہ قرض کی فراہمی کے طریقہ کار کو انتہائی آسان بنا دیا گیا ہے جس کے تحت 25ہزار سے زائد تنخواہ لینے والے اور 55سال سے کم عمر کے ملازمین کی درخواستوں کو فوری پراسیس کر کے اِن کی منظوری دی جائے گی۔ انہوں نے صدر چیمبر سے کہا کہ وہ چیمبر کی ممبر کمپنیز میں سے ان دو شرائط کو پورا کرنے والے ملازمین کی فہرست مہیا کریں جس کے بعد کمرشل بینکوں کی ٹیمیں خود وہاں جا کے ملازمین سے اس بات کی تصدیق کرے گی کہ اس کے یا اس کی اہلیہ کے نام پہلے سے کوئی اور مکان تو نہیں۔ اسی طرح متعلقہ ادارہ کے ایچ آر سیکشن سے تصدیق کے بعداور درخواست دہندہ کی اہلیت کے مطابق اس کے قرض کی درخواست کو پراسیس کر دیا جائے گا۔انہوں نے چیمبر کے صدر سے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں سٹیٹ بینک کی معاونت کریں جبکہ سٹیٹ بینک کی ٹیم اس پورے عمل کی از خود مانیٹرنگ بھی کرے گی۔ صدر عاطف منیر شیخ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے میرا پاکستان۔ میرا گھر۔کامیاب جوان اور آسان کاروبار سمیت بہت سی سکیمیں شروع کی ہیں لیکن کمرشل بینکوں کے عدم تعاون کی وجہ سے ان سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری باڈی ہونے کے ناطے سٹیٹ بینک کو چاہیے کہ وہ کمرشل بینکوں کو اِن سکیموں کی مؤثر مارکیٹنگ کرنے کی بھی ہدایت کرے۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل بینک 14فیصد پر قرض دے رہے ہیں جبکہ اِن سکیموں کیلئے شرح سود صرف 3سے پانچ فیصد ہے اس لئے وہ ان میں بہت کم دلچسپی لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک کو اس سلسلہ میں لوگوں کی جائز شکایات کے ازالہ کیلئے فوری اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ بینکوں کیلئے یہ لازمی قرار دیا جائے کہ وہ 70فیصد سے زائد فنانس کارپوریٹ سیکٹر کو نہیں دیں گے جبکہ باقی سرمایہ حکومت کی اِ ن سکیموں کیلئے مختص کیا جائے۔ صدر نے اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور بتایا کہ وہ میرا پاکستان، میرا گھر سکیم کا نیا طریقہ کار تمام ممبروں میں سر کولیٹ کریں گے جبکہ گورنر اور ایم ڈی سٹیٹ بینک کو بھی اس سلسلہ میں فیصل آباد آنے کی دعوت بھی دی جائے گی تاکہ ایس ایم ای سمیت دیگر شعبوں کی بینکوں سے متعلقہ مسائل کو بھی فوری حل کیا جا سکے۔