فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن نے چوک گھنٹہ گھر وملحقہ بازاروں کے اندر وباہر تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کرکے تجاوزات کا صفایا کرادیا۔ڈپٹی کمشنر کی زیرنگرانی میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر محکموں کی ٹیموں نے تجاوزات مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے سامان ضبط کرلیا۔تجاوزات کے خلاف کچہری بازار،جھنگ بازار،ریگل روڈ سمیت دیگر ملحقہ مقامات پر آپریشن کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔کسی کو تجاوزات نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ دکاندارازخود تجاوزات ہٹالیں بصورت دیگر مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کو بازاروں کے وقفہ وقفہ سے دورے کرکے تجاوزات کے خلاف ایکشن لینے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے باعث نہ صرف پیدل چلنے والوں کے لئے مشکلات تھیں بلکہ بازاروں کا حسن بھی متاثرہورہا تھا۔انہوں نے کہا کہ بازاروں کو صاف ستھرا اورتجاوزات سے پاک کرنا مقصد ہے۔چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد زبیر وٹو بھی ان کے ہمراہ تھے۔