فیصل آباد (حمزہ اکرم ) ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ(ر)سہیل اشرف سے مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں 11ویں پی ایم ایس پوسٹ انڈکشن کورس کے شرکاء افسران نے ڈسٹرکٹ کلکٹر آفس میں ملاقات کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند،اسسٹنٹ کمشنرز محمد عمر مقبول،صاحبزادہ محمد یوسف بھی موجودتھے۔ زیر تربیت افسران میں ارسلان سکندر،سید قیصر عباس،حمزہ ندیم،عمران علی،عدنان عاطف،ثناء ندیم اور صدف ارشاد شامل تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے افسران کی ٹیم کو فیصل آبادضلع کے تاریخی وجغرافیائی پہلوؤں،ترقیاتی سرگرمیوں،امن وامان کی صورتحال،عوامی فلاح و بہبود اور ریلیف کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے افسران کے گروپ کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں فیصل آبادضلع کے انتظامی ڈھانچے اور محکمانہ امور کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ پنجاب کا دوسرا بڑا شہر ہونے کے ناطے فیصل آباد صنعت وحرفت اور زرعی شعبہ میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے جو ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ ترجیحات کا تعین کرکے سرکاری فرائض کی احسن انداز میں ادائیگی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے اداروں کے مابین مکمل ہم آہنگی،خوشگوار روابط اور باہمی تعاون کی مضبوط فضاء قائم ہے جس کی بدولت مربوط حکمت عملی سے محکمانہ طور پر بہترین سروسز ڈلیوری میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہاکہ وہ زیر تربیت افسران کو دفاتر کے دورے کرائیں اور انہیں انتظامی امور سے آگاہی دی جائے۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے شہر کے وسط میں 52 کنال سرکاری اراضی قابضین سے واگزار کرائی جبکہ شہر کی بیوٹیفیکیشن پر بھی اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے افسران کی طرف سے بعض شعبوں سے متعلق کئے گئے سوالوں کے بھی مفصل جوابات دئیے۔اس موقع پر افسران کے گروپ کی طرف سے ڈپٹی کمشنر کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔