فیصل آباد(حمزہ اکرم)واسا فیصل آباد انتظامیہ کی جانب سے چکیرہ ڈسپوزل اسٹیشن کی استعداد کار میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس ضمن میں مینجنگ ڈائریکٹر واسا ابوبکر عمران نے پارکنگ یارڈ کا دورہ کیا اور چکیرہ ڈسوپزل اسٹیشن کی کیپسٹی میں اضافہ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ایم ڈی نے کہا کہ اس وقت چکیرہ ڈسپوزل اسٹیشن کی کیپسٹی 180 کیوسک ہے جبکہ اس میں اضافہ کے لئے ایک پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت ڈسپوزل اسٹیشن کی کیپسٹی 180 کیوسک سے بڑھا کر 315 کیوسک تک کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ چکیرہ ڈسپوزل کی کیپسٹی بڑھانے کے لئے ایک نیا ویٹ ویل بنایا جائے گا جبکہ 25 کیوسک کے 4 پمپس کو تبدیل کر کے 40 کیوسک کے پمپس انسٹال کئے جائیں گے اسی طرح 25 کیوسک کے 3 نئے پمپس بھی نصب کئے جائیں گے۔ ایم ڈی واسانے مزید کہا کہ چکیرہ ڈسپوزل اسٹیشن کی استعداد کار میں اضافے سے سیوریج کی نکاسی کے دورانیہ میں خاطر خواہ کمی واقع ہو گی جس سے شہر کی پچاس فیصد آبادی کے سیوریج مسائل سے نجات ممکن ہو سکے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو سیوریج کی معیاری سروسز فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے ڈسپوزل اسٹیشن کی کیپسٹی میں اضافہ کیا جارہا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر حماد افضل اور ڈپٹی ڈائریکٹر فرحان اکرم نے چکیرہ ڈسپوزل اسٹیشن کی کیپسٹی بڑھانے کے لئے ایم ڈی واسا کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔