فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ایف ڈی اے کی انٹی انکروچمنٹ ٹیم نے آپریشن کے دوران مدینہ ٹاؤن میں کھلے عام پٹرول وگیس فروخت کرنے کیلئے قائم کی گئی تجاوزات کا صفایاکردیا اور تجاوزات میں استعمال کرنے والا سامان قبضہ میں لیکر تین دکانوں کوسیل کردیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں انکروچمنٹ انسپکٹر ثناء اللہ اوردیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے بسم اللہ چوک مدینہ ٹاؤن کی انسپکشن کی تو وہاں بعض دکانداروں نے پٹرول فروخت اور ایل پی جی کی ری فلنگ کیلئے سڑکوں پر تجاوزات قائم کررکھی تھیں جس سے نہ صر ف عوامی راستوں کو روکا گیاتھا بلکہ پٹرول و گیس کی فروخت کے کاروبار کا خطر ناک فعل کیاجارہاتھا جن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات کا خاتمہ کردیاگیا اور وہاں سے مختلف قسم کے ڈرم، سلنڈر، کاؤنٹرز، سٹولز، بنچ، پٹرول کی فروخت کیلئے استعمال ہونے والا مختلف نوعیت کا سامان قبضہ میں لیکر چھ دکانداروں کے چالان کرکے سپیشل جوڈیشنل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوادیئے گئے۔ایف ڈی اے کی طر ف سے علاقہ میں اعلانات کرائے گئے ہیں کہ شاہرات، بازاروں اور گلیوں میں تجاوزات قائم کرنے سے اجتناب کیاجائے اور ہرقسم کی تجاوزات کو از خود ہٹا دیں بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور تجاوزات سے باز نہ آنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جائینگے۔