فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)کمشنر سلوت سعید نے گرین بیلٹس اور پارکس کی تزئین وبحالی اورصفائی وخوبصورتی کے لئے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کو ٹاسک تفویض کردیا۔ انہوں نے ڈی جی پی ایچ اے کو روزانہ گرین بیلٹس اور پارکس کے وزٹ کی تاکیدکی اور کہا کہ کینال پارک سمندری روڈکو شہریوں وفیملیز کے لئے فوری اپ گریڈ کرکے افتتاح کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر کے مرکزی پارکس کی دیکھ بھال کا جامع میکنزم وضع کرکے عملدرآمد یقینی بنائیں۔مون سون سیزن کے دوران شہر بھر میں پلانٹیشن کی جائے اورضلع جھنگ میں شجرکاری کے ماڈل کی طرز پراقدامات ہونے چاہیں۔انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹس اور پارکوں میں گھاس لگاکر لیولنگ برقرار اور ان کی مینٹیننس پر بھرپور فوکس رکھیں۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کو اضافی ورک فورس بھی فراہم کی جائے۔پارکوں میں نصب جھولوں کی تزئین وبحالی اور معیاری پینٹ کرائیں جبکہ جھنگ روڈ اور ستیانہ روڈپر گرین بیلٹس کو جاذب نظر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ دن میں دو بار پودوں کی واٹرنگ کرائیں۔پرانی سبزی منڈی کی وسیع وعریض جگہ پر پارک کے قیام کے لئے اقدامات تیز کئے جائیں۔کمشنر نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے شہری خوبصورتی اور پارکوں وگرین بیلٹس کی بحالی کے لئے خصوصی ہدایات جاری کررکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو جنرنشن کے لئے بھی اقدامات ناگزیر ہیں۔ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے پارکس کے روزانہ وزٹس کی تفصیلات سے آگاہ کیااور بتایاکہ شہر بھرکے پارکس کی تزئین وبحالی کے لئے کوششیں جاری ہیں۔اجلاس میں ڈی جی ایف ڈی اے آصف چوہدری،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مصورخان نیازی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔