فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی طرف سے فیصل آباد شہر میں آلودگی کے خاتمے اور قدرتی ماحول کو پروان چڑھانے کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے عاصمہ اعجاز چیمہ نے بتایا کہ شہر میں 20 مقامات پر میاواکی فارسٹیشن پر کام شروع کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت شہر کے قدرتی حسن کو سنوارنے کے ساتھ ساتھ آلودگی کے خاتمے میں مدد ملے گی اور سموگ کے سدباب میں بھی یہ منصوبہ مددگار ثابت ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے آغاز سے پہلے ایک بہترین حکمت عملی مرتب کی گئی تھی جس کے تحت اس بات پر فوکس کیا گیا ہے کے فیصل آباد شہر کا کوئی بھی علاقہ میاواکی کے ثمرات سے محروم نہ رہے اور ایک یونیفارم پالیسی کے تحت تمام علاقوں میں برابری کی بنیاد پر پراجیکٹ لانچ کیا گیا ہے تاکہ تمام شہری مستفید ہو سکیں۔انہوں نے بتایا کہ صنعتی شہر ہونے کے ناطے زیادہ درخت لگانے اور جنگلات کی تعداد میں اضافہ کی ضرورت ہے اسی مقصد کے پیش نظر طویل المدت منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے تاکہ پاکستان کے تیسرے بڑے شہر کو اس کے حجم اور آبادی کے حساب سے سر سبز و شاداب بنانے کا عمل مکمل کیا جائیگا۔