فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک معاشرے کی ذمہ داری ہر ایک کے کندھے پر ہے اور ہم نے اسے ہرصورت نبھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں انسداد پولیو کے حوالے سے پختون کمیونٹی کے جاندار کردار کو بھی نظر اندازنہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے یہ بات انسداد پولیو کے عالمی دن کی مناسبت سے یونین کونسل 190 لائلپور ٹاؤن کے علاقہ میں یونیسف کے اشتراک سے پشتون کمیونٹی کے جرگہ سے مہمان خصوصی خطاب میں کہی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے افسران،یونیسف کے عہدیداران اور پختون رہنما بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو مہلک مرض ہے جو ہمارے بچوں کو معذوری کا شکار کرسکتا ہے ہمیں اس بیماری کو جڑ سے ختم کرنے کا عہد کرنا ہے۔انہوں نے ضلع میں انسداد پولیو کی ہر مہم میں پشتون برادری کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ ان کے تعاون سے ہی مہم کے سو فیصد اہداف مکمل ہوتے ہیں آئندہ بھی اسی طرح خدمات فراہم کی جائیں۔انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ بچوں کو ہر مہم میں انسداد پولیو قطرے ضرورپلوائیں اور موذی مرض سے بچائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ قوم کے نونہالوں کے مستقبل کی جنگ ہے۔انہوں نے جرگہ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر پشتون رہنماؤں میں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔