فیصل آباد(حمزہ اکرم)کمشنر سلوت سعیدنے کہا ہے کہ عوامی بہبودکے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے تیز رفتار اقدامات کئے جائیں تاکہ شہری جلد ان کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔انہوں نے یہ بات ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جھنگ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت جبکہ مختلف محکموں کے افسران اجلاس میں موجود تھے۔کمشنر نے ضلع جھنگ میں جھنگ مدوکی رستم سرگانہ روڈ(لنک مدوکی پھاٹک سے مولانا موڑاور مدوکی موڑ سے آبادی ٹوٹا والا براستہ دربار سید عبدالجلیل قادر گیلانی)تک 5.23 کلومیٹر سڑک کی مرمت وبحالی کی سکیم پر عملدرآمد کی منظوری دی۔انہوں نے منصوبہ پر فی الفور عملدرآمد کی تاکید کی اور کہا کہ تمام محکمانہ اقدامات جلد مکمل کئے جائیں اور اگر کسی جگہ کوئی انتظامی وتکنیکی مسئلہ درپیش ہو تو فوری طور پر اس کو دور کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااورمتعلقہ افسران موقع پر موجود رہ کر تعمیراتی مراحل کی نگرانی کریں۔