فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ کی طرف سے اپنے دفتر کے باہر بیٹھ کر عوامی شکایات سننے اور ان کے حل کے لئے فوری اقدامات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔انہوں نے صبح 9:30 سے 10:30 تک اپنے آفس کے باہر بیٹھ کر شہریوں کے مختلف محکموں سے متعلقہ مسائل سنتے ہوئے موقع پر ہی افسران کو دادرسی کی ہدایت کی۔انہوں نے ڈیسک پرشکایت کنندگان کی درخواستوں کے اندراج اور انہیں ڈائری نمبر فراہم کرنے کے طریقہ کار کاجائزہ بھی لیا اور کہا کہ درخواست گزاروں کو ان کے مسائل کے حل کی پیشرفت سے آگاہی کے لئے موثر اقدامات ہونے چاہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کے مسائل سننے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر آفس کے باہر بیٹھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ دوردراز علاقوں سے آنے والے سائلین کے مسائل حل کئے جاسکیں۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ بلارکاوٹ اپنے مسائل کے حل کے لئے ڈی سی آفس تشریف لائیں ان کے مسائل کے حل میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔