فیصل آباد(حمزہ اکرم)پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام جشن آزادی تقریبات کے سلسلے میں تصویری نمائش”آزادی کا سفر”کا انعقاد کیا گیا جس میں فیصل آباد کے معروف مصورین کے تخلیق کردہ فن پارے/پوٹریٹس نمائش کے لئے رکھے گئے۔صوبائی وزیر مائینز اینڈ منرل چوہدری لطیف نذر اور ڈویژنل کمشنر زاہد حسین نے نمائش کا افتتاح کیا اور مصورین کے ہمراہ ان کے تیار کردہ فنپارے دیکھے۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل زاہد اقبال اور دیگر افسران موجود تھے۔صوبائی وزیر مائینز اینڈ منرل نے تصویری نمائش میں گہری دلچسپی لی اور مصورین کے فن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام وطن عزیز سے گہری وابستگی کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا لہذا ہر شخص کو اس کی قدر کرنی چاہیے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ مصورین نے تحریک پاکستان کے سرکردہ رہنماؤں کی تصاویر بنا کر وطن سے محبت کا ثبوت دیا ہے جن کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔انہوں نے آرٹس کونسل کے زیر اہتمام تصویری نمائش کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔دریں اثناء صوبائی وزیر اور کمشنر نے ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات کے مابین ملی نغمے و تمثیلی خاکوں کے ایونٹ میں بھی شرکت کی اورطالب علموں کے فن کو سراہا۔