فیصل آباد(حمزہ اکرم)ضلعی انتظامیہ شہر کی تزئین وآرائش اور پیدل سفر کرنے والوں کو کلیئر فٹ پاتھس کی فراہمی کے لئے میدان میں آگئی۔ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے پہلے مرحلے میں چناب کلب سے اسٹیشن چوک تک پیدل سفر کرکے فٹ پاتھ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیااور بعض جگہوں پرٹوٹ پھوٹ کے شکار فٹ پاتھ اور ڈرین کی ٹوٹی سلیب پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کو ترجیحی بنیادوں پر فٹ پاتھس کو کلیئر کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ فٹ پاتھس پر پیدل چلنے والوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے لہذا متعلقہ محکمے احساس ذمہ داری سے فریضہ انجام دیں۔ڈپٹی کمشنر نے بعض جگہوں سے اونچی نیچی سلیب کو بھی برابر کرنے کی ہدایت کی۔وہ عبداللہ پور اوورہیڈ برج پر بھی گئے اور پل کی تزئین وآرائش کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ اوورہیڈ برج کو معیاری بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کی بیوٹیفیکیشن کا سلسلہ جاری رہے گا،عوامی خدمت ہی ضلعی انتظامیہ کا نصب العین ہے جس کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں۔