فیصل آباد( حمزہ اکرم)چیف ایگزیکٹو فیسکو انجنئیر بشیراحمد نے کہا ہے کہ مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد باعزت طریقے سے ریٹائرمنٹ خدا کی طرف سے ایک تحفے سے کم نہیں ہے وہ گذشتہ روز فیسکو سپورٹس آفیسرمحمد ارشد کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطا ب کر رہے تھے۔انھوں نے محمد ارشدکی فیسکو میں خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اوران کی شخصیت اور کام کے حوالے سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ محمد ارشد کے بطور سپورٹس آفیسر ڈیوٹی کے دوران فیسکو سپورٹس ایسوسی ایشن نے فیسکو میں کھیلوں کی ترویج اور ترقی کیلئے بھر پور کردار ادا کیا اور نئے کھلاڑیوں کے آگے آنے کا موقع ملا۔ انھوں نے مزید کہا کہ محمد ارشد نے مختلف نوعیت کے واپڈا انٹریونٹ مقابلوں اور قومی سطح کے مقابلوں میں اہم کردار ادا کیا اور انھیں کامیابی سے ہمکنار کیا۔ انھوں نے محمد ارشدکی پیشہ وارانہ زندگی کی تعریف کی اور کہا کہ دوران ملازمت انھیں جو بھی ڈیوٹی تفویض کی گئی انھوں نے احسن طریقے سے انجام دیا۔ ان کی زیر سرپرستی فیسکو کھلاڑیوں نے واپڈاانٹریونٹ مقابلوں کے علاوہ نیشنل اور انٹرنیشنل لیول پر بے شمار ٹرافیاں،گولڈ، سلور اور براؤنز میڈل جیتنے کے علاوہ واپڈا سپورٹس ٹرافی بھی جیتی۔ انجنئیر بشیراحمد نے مزید کہا کہ محمدارشدنے اپنی تمام مدت ملازمت انتہائی ایمانداری،محنت و لگن اور بغیر کسی دباؤ کے درست اور بروقت فیصلے کرکے گزاری۔ اس موقع پر انھوں نے نئے فیسکو سپورٹس آفیسرمحمد ساجد کو ہدایت کی کہ وہ ریٹائرڈ ہونیوالے سپورٹس آفیسر کی تقلید کرتے ہوئے فیسکو سپورٹس کو مزید بلندیوں پر لے جانے کی بھرپور کوشش کریں۔اس موقع پرسیکرٹری فیسکو سپورٹس ایسوسی ایشن اطہر ایوب چوہدری، ڈپٹی سیکرٹری عابد رشید، فیصل شفیع رانا، سپورٹس آفیسرفیسکو محمد ساجد، ایس ڈی او سجاد، ایس ڈی اوطیب ستار، کوچز اور دیگر نے فیسکو سے ریٹارڈ ہونے والے سپورٹس آفیسر محمد ارشدکو باعزت طریقے سے مدت ملازمت پوری ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ افسر ہو یا ماتحت باعزت ریٹائرمنٹ سب کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوران سروس محمد ارشدنے خوش اخلاقی اور خوش خلقی کا دامن کبھی ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ انھو ں نے نئے آنیوالے کھلاڑیوں اور کوچز کی ہر ممکن طریقے سے راہنمائی کی اور ماحول کو ہمیشہ خوشگوار رکھتے ہو ئے کام کو بہترین طریقے سے انجام دیا۔تمام افسران نے ان کی آئندہ زندگی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے دلوں اور محکمہ کے دروازے ہمیشہ ان کیلئے کھلے ہیں۔ ریٹائرڈ ہونیوالے سپورٹس آفیسر محمد ارشدنے فیسکو سپورٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے ا پنے اعزاز میں منعقدکی گئی تقریب پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گذشتہ تمام عرصہ میں انہیں سب کاتعاون حاصل رہا اور تمام کامیابیاں اورکھلاڑیوں کی ٹیم ورک کا نتیجہ ہیں۔اپنی تمام سروس کے دوران ہمیشہ سپورٹس کی ترقی اور ترویج کیلئے ہرممکن اقدامات کئے۔ تقریب کے اختتام پر چیف ایگزیکٹو فیسکوانجنئیر بشیراحمد اور دیگر افسران نے نے فیسکو سے ریٹائرڈ ہونے والے سپورٹس آفیسرمحمد ارشد کو فیسکو کی طرف سے یادگاری شیلڈ،تحائف اور واجبات کا چیک دیا۔