فیصل آباد(حمزہ اکرم)محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ(ر)سہیل اشرف کی صدارت میں منعقد ہوا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رندکے علاوہ مولانا محمد یوسف انور،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مولانامحمد ریاض کھرل،مفتی محمد ضیاء مدنی،سید جعفر نقوی،یسین ظفر،ڈاکٹر افتخار حسین نقوی،ڈاکٹر ممتاز حسین،اسلم بھلی،میاں تنویر ریاض،بشپ آف فیصل آباد بشپ اندریاس رحمت،فادر ایمرک جوزف اوردیگر ارکان بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ضلعی امن کمیٹی کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ضلع میں امن عامہ اور مذہبی ہم آہنگی کی مثالی فضاء کو برقرار رکھنے کے سلسلے میں کمیٹی کے ارکان کی بھر پور معاونت کو سراہا اور کہا کہ باہمی اتحاد و اتفاق اور بھائی چارہ پائیدار امن کی ضمانت ہے جس کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور ان کے پیروکاروں کا جذبہ امن لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی،بین المذاہب اتحاد و اتفاق وقت کا اہم ترین تقاضا ہے جس کے لئے علماء کرام کا کردار مسلمہ حقیقت ہے جن کے تعاون،تجاویز اور رہنمائی سے مذہبی تقریبات کے مواقع پر امن و امان کی شاندار روایات کو قائم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران بھی سابقہ شاندار روایات کو پروان چڑھائیں اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا قائم رکھیں۔انہوں نے بتایا کہ محرم جلوسوں کے روٹس ومجالس کے مقامات پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن سہولیات/سروسز فراہم کی جائیں گی اورروٹس کا مشترکہ وزٹ بھی کریں گے۔ مولانا محمد یوسف انور،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مفتی محمد ضیاء مدنی،سید جعفر نقوی اور دیگر علماء کرام نے کہا کہ پائیدار امن،مذہبی رواداری اور پیار و محبت کے فروغ کے لئے تمام مسالک کے علماء کرام اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے پیشگی انتظامات اور امن کمیٹی کا اجلاس منعقد کرنے پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ اداکیا اور قیام امن کے لئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے محرم انتظامات کو مزید چوکس بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔