فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیصل آباد میں مفت آٹا تقسیم مرکز کا دورہ کیا اور آٹے کے تھیلے تقسیم کرنے کے نظام کا جائزہ لیا۔انھوں نے مفت آٹے کی فراہمی کے نظام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ منگل کو فیصل آباد میں مفت آٹا تقسیم مرکز کے دورہ کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ وزیراعظم نے خود بھی مستحقین میں آٹے کی تھیلے تقسیم کئے اور اس موقع پر خواتین سے آٹے کی فراہمی اور ان کے مسائل کے بارے میں بھی دریافت کیا، خواتین نے مفت آٹے کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے مفت آٹے کی فراہمی کے نظام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فیصل آباد کے 11 لاکھ سے زیادہ افراد کو مفت آٹے کے تھیلے فراہم کئے جا رہے ہیں،فیصل آباد کی پانچ تحصیلوں میں روزانہ ایک لاکھ 25 ہزار تھیلے دیئے جا رہے ہیں اور ہر خاندان کو 10 کلوگرام آٹے کے تین تھیلے مفت دیئے جا رہے ہیں، مفت آٹا 25 شعبان سے 25 رمضان تک فراہم کیا جا رہا ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب عوام کیلئے وفاقی حکومت کی طرف سے مفت آٹے کی فراہمی جاری ہے۔ عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے شکایات سیل بھی قائم کئے گئے ہیں۔