فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیرانتظام سنٹر فار ڈس ایبل(نشیمن)کا دورہ کیا اور مختلف ہنر میں کورسز مکمل کرنے والے خصوصی افراد میں اعزازیہ و سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ سماجی بہبود سے رابطہ کرکے خصوصی تعلیمی اداروں کے زیر تربیت طالب علموں کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ فیکٹریز وملز سمیت دیگر اداروں میں سپیشل پرسنز کی ملازمت کے لئے مختص تین فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔علاوہ ازیں فیصل آباد چیمبر آف کامرس سے رابطہ کرکے خصوصی افراد کو مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ہنر سکھائے جائیں گے۔انہوں نے خصوصی افراد کی صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ انہیں معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے فارغ التحصیل خصوصی طلباء کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے انعقاد کے منتظمین کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کورسز مکمل کرنے والوں کو مبارکباددی۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئرعائشہ جمیل،سپرنٹنڈنٹ نشیمن ڈاکٹر کنیز فاطمہ،سوشل ویلفیئر آفیسر طیب بھٹی،سماجی رہنما ڈاکٹر جعفرحسن مبارک بھی موجود تھے۔