فیصل آباد(حمزہ اکرم)ٹریفک کی روانی اور شاہرات پر قوانین کی پاسداری مہذب معاشرے کی بنیادی خصوصیات ہیں اس مقصد کے لئے سٹی ٹریفک پولیس شہریوں کی آگاہی کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم صنعت زار سوشل ویلفیئر میں چیف ٹریفک پولیس مقصود احمد لون کی ہدایات پر سٹی ٹریفک پولیس کے شعبہ ایجوکیشن یونٹ نے زیرتربیت طالبات واساتذہ کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی دی۔مینجر ادارہ زاہدہ ناز بھی موجود تھیں۔آگاہی سیشن کے دوران طالبات واساتذہ کو دوران ڈرائیونگ ٹریفک قوانین پر عمل کرنے،ٹریفک رولزاپنانے اور لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ نہ کرنے بارے بتایا گیا۔ٹریفک پولیس کے افسران نے بتایا کہ خواتین کو لرننگ ڈرائیونگ اور لائسنس کے اجراء کے لئے الگ سے سنٹر کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جہاں خواتین ٹریفک پولیس سٹاف رہنمائی کے ساتھ انہیں موٹر سائیکل وگاڑی چلانے کی ترغیب بھی دے رہا ہے۔انہوں نے طالبات کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے اور کہا کہ سڑکوں پر دوران سفر قوانین پر عمل پیرا ہوکر حادثات سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔مینجر ادارہ نے سٹی ٹریفک پولیس کا شکریہ اداکرتے ہوئے معلوماتی سیشن کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ ایسے پروگرامز کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا۔