فیصل آباد(حمزہ اکرم)صوبائی وزیرٹرانسپورٹ بلال اکبر خان فیصل آبادیوں کے لئے خوشخبری لے آئے۔شہر میں رواں سال کے آخر تک 110۔اربن بسیں 7روٹس پر چلائی جائیں گی۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے فیصل آباد کا دورہ کیا اورکمشنر آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔کمشنر فیصل آبادسلوت سعید،سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب احمد جاوید قاضی،ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مصورنیازی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز کاشف رضا اعوان،سیکرٹری آرٹی اے احمد رضا ودیگرافسران شریک تھے۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے فیصل آباد میں اربن ٹرانسپورٹ چلانے کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلہ میں شہر کے 7۔اہم روٹس پر مختلف بس سٹاپ ہونگے،فیز 2 میں 8روٹس پر 81بسیں،فیز 3میں 9روٹس پر 112بسیں چلائی جائیں گی۔اس طرح مجموعی طور پر 35روٹس ہونگے اورمرحلہ وار اربن بس سروس چلائی جائیں گی۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ فیصل آباد میں بس ڈپو بھی بنایا جائے گا۔اجلاس میں میٹروبس سروس کے حوالے سے روٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔کمشنر فیصل آباد نے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے جاری اقدامات سے آگاہ کیااور بتایا کہ شہریوں کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی ترجیح رہی ہے اورمسلسل اقدامات سے شہر میں عنقریب اربن ٹرانسپورٹ سروس شروع ہوجائے گی۔