فیصل آباد(حمزہ اکرم)ضلعی انتظامیہ کی تحریک پرمقامی انڈسٹریز کے تعاون سے کشمیر پل انڈرپاس کی بیوٹیفیکیشن کا کام مکمل ہوگیا جس کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے یونائیٹڈ انڈسٹریز لمیٹڈکے عہدیداران کے ہمراہ کیا۔ڈی جی پی ایچ اے رائے نعیم اللہ بھٹی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مدثر احمد شاہ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی وقاص صفدر سکندری،انچارج ضلعی ایمرجنسی آپریشنل سنٹر محمد صادق،سی ای او یونائیٹڈ انڈسٹریز لمیٹڈمحمد ولید مگو،محمد حنیف مگو،محمد شاہنواز،محمد اکبر مگو اور دیگر ممبران بھی موجودتھے۔ڈپٹی کمشنر نے انڈرپاس کی دیواروں پر شہر کی ثقافت کو اجاگر کرنے والے ماڈلز کی تنصیب،دیواروں کی خوبصورتی اور رات کے وقت لائٹنگ سے نظر آنے والے اچھوتے منظر کو سراہا اور پراجیکٹ میں مالی معاونت کرنے والے صنعتی گروپ کا شکریہ اداکیا۔انہوں نے کہا کہ شہر کے جمالیاتی حسن کو نکھارنے کا سلسلہ جاری رہے گا اورانڈرپاس کی خوبصورتی اجاگر کرنے سے شہریوں کو دلکش ماحول نظر آئے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کے زیر اہتمام شہر کے چوکوں وچوراہوں پر خوبصورتی کو نمایاں کرنے والے ماڈلز بھی نصب کئے جارہے ہیں۔دریں اثناء مختلف حلقوں نے کشمیر پل انڈرپاس کی بیوٹیفیکیشن کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ دیگر شہروں سے آنے والوں کو دلکش ماحول دیکھنے کو ملے گا جس سے فیصل آباد کے تشخص میں مزید اضافہ بھی ہوگا۔