فیصل آباد(حمزہ اکرم)حکومت پنجاب شہریوں کو ممکنہ سموگ کے صحت پر نقصانات سے بچانے کے لئے ہنگامی اقدامات کررہی ہے تاہم احتیاط اور پرہیز بڑی اہمیت کی حامل ہے لہذا شہری ایسی صورتحال میں احتیاطی تدابیر پر ذمہ داری سے عمل پیرارہیں۔یہ بات میڈیکل سوشل آفیسر آسیہ فقیر حسین نے ہارٹ سیور فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مختلف شعبوں اور ملحقہ گراؤنڈ میں شہریوں میں حفاظتی ماسک اور احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس تقسیم کرتے ہوئے کہی۔جنرل سیکرٹری ہارٹ سیورفاؤنڈیشن کاشف فاروق،مینجرعاصمہ مزمل اور دیگر سٹاف ممبران بھی موجود تھے۔میڈیکل سوشل آفیسر نے کہا کہ دھواں،گرد،نمی اور دھند کی گہری تہہ سموگ کی موجب ہے جس سے صحت محفوظ رکھنے کے لئے احتیاطی تدابیر سے متعلق طرز زندگی میں تبدیلی لائیں۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ خصوصاً موٹرسائیکل چلاتے وقت چہرے پرحفاظتی ماسک کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکے۔جنرل سیکرٹری ہارٹ سیور فاؤنڈیشن نے ممکنہ سموگ سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ سموگ سے گھبرانے کی نہیں بلکہ احتیاط کی ضرورت ہے۔