فیصل آباد(حمزہ اکرم)ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور مارکیٹوں وبازاروں میں صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اپنی موجودگی یقینی بنائیں ناقص یا فرضی کارروائیاں دکھانے والے پرائس مجسٹریٹس کی کوئی گنجائش نہیں۔ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز کاشف رضا اعوان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ڈپٹی کمشنر عمران حامد کا دوٹوک پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ صارفین کو مقررہ سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور ہر پھل وسبزی کی دکان وریڑھی پر نرخنامے کی موجودگی یقینی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مختص کردہ ایریا میں ڈیوٹی پر موجود نظر آئے اور پرائس کنٹرول ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی پر متعلقہ دکاندار کو جیل بھیجیں۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے بعض پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے لہذا پراگریس میں بہتری لائی جائے۔