فیصل آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے)کے زیر اہتمام ایف ڈی اے سٹی میں مختلف رقبہ جات کے 551 رہائشی و کمرشل پلاٹس نیلام عام کے ذریعے فروخت کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اس سلسلے میں نیلامی 17اور 18مئی 2023ء کو نیلام کمیٹی کی زیر نگرانی پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ آفس ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ میں ہوگی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے نیلامی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل عابد حسین بھٹی اوردیگر افسران موجود تھے۔ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ /ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ جنید حسن منج نے نیلامی کیلئے منتخب پلاٹس کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایاکہ شہریوں کی آگاہی کیلئے نیلام عام کے پروگرام کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی گئی ہے تاکہ خواہش مند افراد زیادہ سے زیادہ تعداد میں نیلامی میں حصہ لے سکیں۔انہوں نے بتایانیلام عام میں 124 کمرشل پلاٹس، ایک کنال رقبہ کے 289رہائشی پلاٹس، دس مرلہ کے سترہ اور پانچ مرلہ کے پانچ مرلہ کے پانچ رہائشی پلاٹس کے علاوہ منسوخ شدہ الاٹمنٹ کے سولہ پلاٹس بولی کیلئے پیش کئے جائیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی نے نیلامی کے طریقہ کار اور شرائط کا جائزہ لیتے ہوئے پلاٹس کی نیلامی کے تمام عمل کو مکمل شفاف رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ اس سلسلے میں طے شدہ قواعد وضوابط اور پالیسی کی ہرصورت پاسداری کی جائے۔انہوں نے بولی کے موقع پر نیلام کمیٹی کے تمام اراکین کی موجودگی پر زور دیتے ہوئے کہاکہ خواہش مند بولی دھندگان کو نیلامی سے قبل شرائط و ضوابط کی تفصیلات سے واضح انداز میں آگاہ کردیاجائے اور منظم طریقہ کارکو یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نیلام عام کے انتظامات میں شرکاء کیلئے ضروری سہولیات کا خیال رکھاجائے تاکہ وہ خوشگوار ماحول میں آسانی کے ساتھ بولی میں حصہ لے سکیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہاکہ تمام تر بنیادی سہولیات سے آراستہ دو ہزار ایکڑ رقبہ پر مشتمل ایف ڈی اے سٹی سرکاری سطح پر ایک شاندار باکفایت، باوقار اور باسہولت وسیع رہائشی منصوبہ ہے جو تیزی سے ترقی کی طر ف گامزن ہے جس میں کمرشل اور رہائشی پلاٹس خریدنے کا یہ سنہری موقع ہے جس سے سرمایہ کار اور گھر کی تعمیر کے خواہش مند افراد بھرپور فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔