فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی)چیف ایگزیکٹوفیسکوانجنئیر بشیراحمد نے کہا ہے کہ کمپنی کی اولین ترجیح صارفین کو بہترین سروسز کی فراہمی ہے۔صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اور سہولیات بہم پہنچانے کیلئے تمام تر شعوری کوششوں کو بروئے کار لایاجا ئے وہ جھنگ سرکل میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطا ب کر رہے تھے۔ انھوں نے ہدایت کی کہ کمرشل، صنعتی، ٹیوب ویل اور گھریلو صارفین کے میٹر، پول اور ٹرانسفارمرزکے ڈیمانڈ نوٹس ادائیگی کے بعد فوری طور پر لگائے جائیں کیونکہ معیشت کی مضبوطی کا باعث بننے والے کارخانے، فیکٹریاں، کاروبار،زراعت اورکمرشل پلازے چلنا چاہیں جس سے نہ صرف لوگوں کو روزگار ملے گا،معیشت کا پہیہ چلے گا بلکہ فیسکو کا ریونیو بھی بڑھے گا۔ انھوں نے جھنگ سرکل کی ریکوری ٹیموں کو رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے محکمانہ ریکوری کے حصول کیلئے گھر گھر چیکنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریکوری کے مطلوبہ اہداف کا ٹارگٹ مکمل کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ لائن سٹاف فیسکو کی ریڑھ کی ہڈی ہے لہذا لائن سٹاف کو چاہئے کہ وہ چالو لائنوں پر کام کرتے ہوئے تمام حفاظتی اقدامات کو پورا کریں اورحفاظتی تدابیر، لائن ٹی اینڈ پی کے علاوہ کرونا سے بچاؤ کیلئے ماسک اور دستانوں کے بغیر کسی صورت بھی کام نہ کریں،دفاتر میں سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور کرونا وائرس کے پھیلاؤ کوروکنے کیلئے فیسکو اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ تمام تراحتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے وگرنہ ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پربریفنگ دیتے ہوئے سپرنٹنڈنگ انجنئیر جھنگ سرکل نذرمحمد ڈب کے چیف ایگزیکٹو کو سرکل کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس میں جھنگ سرکل کے ایکسئین اور ایس ڈی اوز نے بھی شرکت کی۔