فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جامع حکمت عملی کے تحت عوامی فلاح و بہبود اور ریلیف کی حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔یہ بات ایڈیشنل کمشنر ریونیو طارق خاں نیازی نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ لاہور میں 34 ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے زیر تربیت افسران کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔اسسٹنٹ کمشنر (جنرل) ثمینہ سیف نیازی،ٹیم کوارڈینیٹرمحمد فاروق اعجازاور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ایڈیشنل کمشنر ریونیو نے ڈویژنل کمشنرزاہد حسین کی طرف سے افسران کی ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں فیصل آباد ڈویژن کی تاریخی و جغرافیائی،زرعی و صنعتی پہلوؤں اور ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے انتظامی ڈھانچے سے آگاہ کیا۔انہوں نے تعلیم و صحت کی دستیاب سہولتوں کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے سیکورٹی امور کو فول پروف بنایا گیا ہے اس ضمن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے مربوط حکومت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت عوامی بھلائی اور شہری ترقی کے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کیا جارہا ہے افسران کی ٹیم نے جامع بریفنگ پر ایڈیشنل کمشنرریونیو کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی ترقیاتی و انتظامی سرگرمیوں کی تفصیلات سے خاطر خواہ آگاہی ان کی پیشہ وارانہ امور میں مدد گار ثابت ہو گی۔