فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر داخلہ کرنل(ر)ہاشم ڈوگر نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور تشدد کے شکار مقامی صحافی کے آفس جاکر ان کی عیادت کی۔انہوں نے یقین دلایا کہ پرتشدد واقعہ میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔صوبائی وزیر داخلہ نے سرکٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کی اور صحافی کے ساتھ بہیمانہ تشدد کے افسوسناک واقعہ کی پرزورمذمت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے بھی واقعہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے جھتے کی شکل میں چینل کے بیوروچیف پرحملہ کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ چینل کے آفس جاکر تشدد کے شکار صحافی سے ملاقات کرکے آئے ہیں اور آرپی او اور سی پی او کو ملزمان کی 48گھنٹے میں گرفتاری کے احکامات جاری کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ میں جو بھی ملوث ہوا وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر فیلڈ میں ڈیوٹی کرنے والے صحافی ہمارااثاثہ ہیں جن کا تحفظ ترجیح ہے۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی ایف آئی آر درج ہوچکی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ بعدازاں صوبائی وزیر داخلہ نے آرپی او معین مسعود اور سی پی او عمر سعید ملک سے واقعہ کے بارے میں تفصیلات بھی لیں۔