لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے خاتمے کے لیے پنجاب بھر میں بشمول فیصل آباد، مارکیٹوں کو رات 8 بجے تک بند کرنے اور اتوار کو مکمل چھٹی کا حکم جاری کر دیا۔
جسٹس شاہد کریم نے اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔
عدالت نے نشاندہی کی کہ ٹرک اور ٹرالر اسموگ اور آلودگی کے بنیادی عوامل ہیں اور ڈولفن فورس اور دیگر پولیس اہلکاروں کو ہیوی ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے تعینات کیا جانا چاہیے۔
جسٹس شاہد کریم کا کہنا تھا کہ ہر سماعت پر حکومت کو اسموگ کنٹرول کرنے کے اقدامات کے لیے کہا جاتا رہا ہے، مگر اصل مسئلہ ہیوی ٹریفک کی دھواں چھوڑتی گاڑیاں ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر لاریوں اور بسوں کو نوٹس دیے گئے ہیں تو ان پر ابھی تک عملدرآمد کیوں نہیں ہوا؟ دھواں چھوڑنے والی بسوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کریں، تو یقینی طور پر یہ مسئلہ حل ہوگا۔
جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ ایسا کوئی حکم جاری نہیں کرنا چاہتے جس پر عملدرآمد ممکن نہ ہو۔ شادی تقریبات میں ون ڈش کی پابندی تو کی گئی ہے، مگر وہاں بھی رش کنٹرول کرنے کے اقدامات نہیں کیے گئے۔