فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی )ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ہدایت کی ہے کہ ضلع میں جعلی وغیر معیاری اور غیررجسٹرڈ ادویات کی فروخت کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے اس ضمن میں غیر مستند ڈاکٹرزاور اتائیت کے خلاف مہم کو بھی کامیابی سے ہمکنار کریں تاکہ مریضوں کی جانوں سے کھیلنے والوں کے اس غیر قانونی فعل کا خاتمہ ہوسکے۔انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں سیکرٹری کوالٹی کنٹرول روبینہ اختر،رکن کمیٹی غلام صابر،ڈرگ انسپکٹرز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈرگ انسپکٹرز کی طرف سے40 میڈیکل سٹورز کی انسپکشن رپورٹس کو چیک کرتے ہوئے میڈیکل سٹوزمالکان واتائی ڈاکٹروں کے موقف کی سماعت کی گئی۔اس موقع پربغیر ڈرگ لائسنس،بغیر وارنٹی،کوالیفائیڈ ڈاکٹرز کی عدم موجودگی اور خریدوفروخت کا ریکارڈ نہ ہونے کی بناپر24کیسز ڈرگ کورٹ کو بھجوانے کی سفارش،8کو وارننگ اور 8 کیسزکو اگلی سماعت تک موخر کردیاگیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈرگ کورٹ میں زیر سماعت کیسز کی موثر انداز میں پیروی کی جائے تاکہ ڈرگ مافیا کی بھرپور انداز میں حوصلہ شکنی ہو۔انہوں نے ہدایت کی کہ اتائیت اور جعلی ادویات کی تیاری وفروخت کے حوالے سے ڈرگ انسپکٹرز کی محکمانہ کارروائیاں عوامی توقعات کے مطابق ہونی چاہیں اس ضمن میں تمام امور شفاف اورفرائض دیانتداری سے انجام دئیے جائیں۔