فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سیدیاور عباس بخاری نے جنرل بس سٹینڈ میں قائم پناہ گاہ کا دورہ کرکے سہولیات کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر صدر عمر مقبول نے پناہ گاہ میں عارضی قیام کرنے والے افراد کو معیاری کھانے کی فراہمی اور رات گزارنے کے لئے دستیاب سہولیات پر بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے پناہ گاہ میں موجود افراد سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے عمدہ انتظامات کو سراہا۔انہوں نے پناہ گاہ میں صفائی کے بہترین انتظامات کی تعریف کی اور کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق بے گھر افراد اور مسافروں کو دو وقت کا کھانا اور رات گزارنے کے لئے چھت کی فراہمی کا منصوبہ انقلابی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ پناہ گاہوں کے منصوبے میں وسعت بھی لائی جارہی ہے جبکہ احساس پروگرام پر بھی کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے۔