فیصل آباد (محمد حمزہ) ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے سرکلر روڈ پر حبیب بینک مین برانچ میں گزشتہ روز آگ لگنے کی وجوہات کے تعین کے لئے 6 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔ اس سلسلے میں جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سٹی کمیٹی کے کنوینر ہونگے۔کمیٹی میں چیف انجینئر(آپریشنز)فیسکو،ڈی ای او ریسکیو1122،چیف آفیسر تحصیل کونسل صدر،چیف انسٹرکٹر سول ڈیفنس اور الیکٹرک انسپکٹر شامل ہیں۔کمیٹی واقعہ کی جامع انکوائری،آگ لگنے کی وجوہات کا تعین،عمارت کا فائر سیفٹی آڈٹ کرکے تین روز میں رپورٹ اورسفارشات پیش کرے گی۔دریں اثناء ضلعی انتظامیہ نے آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر کی کمرشل عمارات کے فائر سیفٹی آڈٹ کا حکم دیا ہے اورسول ڈیفنس،ریسکیو سمیت متعلقہ اداروں کو عمارات کی انسپکشن کی ہدایت کی ہے۔فائر سیفٹی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والی عمارات سیل کردی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سرکلر روڈ واقعہ کے ذمہ داروں کا تعین کرکے سخت ایکشن لیا جائے گا۔