فیصل آباد(حمزہ اکرم)سی بی اے ایمپلائز یونین ایف ڈی اے کی طرف سے کرسمس کے حوالے سے مسیحی ملازمین میں گفٹس تقسیم کئے گئے اور کرسمس کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین ایف ڈی اے چوہدری لطیف نذر اور ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے رضوان نذیر مہمانان خصوصی تھے جبکہ چیف انجینئرمہر ایوب گجر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرحان صدیق،کیئرٹیکر رفیق اللہ ودیگر افسران اوریونین صدر حاجی عبد الرشید، جنرل سیکرٹری میاں منیب ریاض،نائب صدر روحی قمر سندھو ودیگر عہدیداران بھی تقریب میں موجود تھے۔ چیئرمین ایف ڈی اے چوہدری لطیف نذر نے مسیحی ملازمین کو کرسمس کی مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ بطور پاکستانی قوم ہم سب کی خوشیاں سانجھی ہیں اور اسی طرح ہم قومی ترقی میں بھی مل جل کر اپناکردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت اقلیتی برداری کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے اس سلسلے میں انہیں قومی معاملات میں شامل رکھنے کے علاوہ مکمل طورپر مذہبی آزادی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسیحی ملازمین بھی ادارہ کی ترقی و استحکام میں یکساں کردار ادا کررہے ہیں لہذا انہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے مسیحی سٹاف کیلئے کرسمس گفٹ کا اہتمام کرنے پر سی بی اے ایمپلائز یونین کے شاندار اقدام کو سراہا۔ ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے رضوان نذیر نے مسیحی سٹاف کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں کرسمس کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ ادارہ کی ساکھ کو مضبوط بنانے میں تمام ملازمین کی کاوشیں لائق تحسین ہیں جن میں مسیحی ملازمین کی اعلی کارکردگی بھی شامل ہے۔ انہوں نے سی بی اے ایمپلائز یونین کے خیر سگالی کے جذبات کو سراہا۔صدر سی بی اے ایمپلائز یونین حاجی عبد الرشید نے افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی ملازمین سے اظہار یکجہتی کی روایت پر تسلسل سے عمدرآمد جاری ہے اور ہرسال کرسمس کے موقع پر ان میں گفٹس تقسیم کرکے انکی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ اس موقع پر مسیحی ملازمین نے چیئرمین ایف ڈی اے چوہدری لطیف نذر، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل رضوان نذیر ودیگر افسران اور ایمپلائز یونین کے عہدیداروں ودیگر سٹاف کا شکریہ ادا کیااور کہاکہ کرسمس کی خوشیوں میں شمولیت کرکے انکو ہمیشہ بے حدعزت دی جاتی ہے۔مسیحی ملازمین کو دیئے جانے والے گفٹس میں ملبوسات، نقدی اور دیگر اشیا ء شامل تھیں۔