فیصل آباد(حمزہ اکرم)حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت محکمہ ہائوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ایف ڈی اے کے 90 ڈیلی ویجز ملازمین کو ” ورک مین”کا درجہ دید یاگیا ہے جسکی بدولت انہیں مالی فوائد کے علاوہ بعض دیگرسرکاری مراعات حاصل ہونگی۔ ایف ڈی اے میں سالہا سال سے خدمات انجام دینے والے ڈیلی ویجز ملازمین کوورک مین کا درجہ دینے کا معاملہ ایف ڈی اے کی گورننگ باڈی کے 115ویں اجلاس میں زیر بحث آیاتھا جسکا جائزہ لینے کے لئے ایم پی اے عادل پرویز گجر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں ایم پی اے میاں وارث عزیز، وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید ، ماجد حسین ایڈووکیٹ ، ڈائریکٹر ایڈ من یاسر اعجاز چٹھہ شامل تھے ۔کمیٹی کا اجلاس ایم پی اے عادل پرویز گجر کی زیر صدارت منعقدہوا جس میں ڈیلی ویجز ملازمین کے کوائف کی جانچ پڑتال اور انکا انٹرویو کیاگیا۔میٹنگ میں ورک مین کادرجہ دینے کیلئے متعلقہ قواعد و ضوابط شرائط کو مدنظر رکھتے ہوئے مقرر معیار پر پورا اترتے ہوئے 90 ڈیلی ویجز ملازمین کو ” ورک مین "کا درجہ دینے کا فیصلہ کیاگیا جنہیں ہفتہ وار اور دیگر گزیٹڈ تعطیلات کی اجرت ملنے کے علاوہ طبی سہولیات اور بعض دیگر مراعات حاصل ہونگی ۔ کمیٹی نے ڈیلی ویجز ملازمین کو گزشتہ 7 ماہ سے واجب الادا تنخواہیں ادا کرنے کی بھی سفارش کی جو انہیں ورک مین بنانے کے عمل کی وجہ سے زیر التوا تھیں۔ کنوئینر کمیٹی /ایم پی اے عادل پرویز گجر اور ایم پی اے میاں وارث عزیز نے ورک مین کا درجہ حاصل کرنے والے ملازمین کو مبارک باددی اور کہاکہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق موجود ہ حکومت باعزت اور باوقار روز گار کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے اور روزانہ اجرت پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کو ورک مین کا درجہ دےکران کے روز گار کو تحفظ فراہم کیا گیاہے جس سے ان کے معاشی مسائل حل ہونگے اور وہ یکسوئی کے ساتھ سرکاری فرائض ادا کرسکیں گے ۔ ورک مین کا درجہ ملنے پر ملازمین نے کمیٹی کے اراکین کا بے حد شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ان کا دیرینہ مسئلہ حل کرکے غریب پروری کی گئی ہے ۔انہوں نے بعد ازاں صدر سی بی اے یونین حاجی عبد الرشید کی قیادت میں چیئرمین ایف ڈی اے چوہدری لطیف نذر اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے رضوان نذیر سے ملاقات کی اور ان کے تعاون و ہمددری کو سراہتے ہوئے کہاکہ ڈیلی ویجز ملازمین کو ملازمت کا تحفظ فراہم کرکے ان کے دل جیت لئےہیں ۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ترقی و استحکام میں بھرپور کردار ادا کرینگے۔چیئرمین ایف ڈی اے چوہدری لطیف نذر اور ڈائریکٹر جنرل رضوان نذیر نے ورک مین ملازمین کو مبارکباد دی اور کہاکہ باصلاحیت افرادی قوت کسی بھی ادارے کا اثاثہ ہے جن کی بھلائی اور فلاح وبہبود کے اقدامات جاری رہیں گے ۔انہوں نے تلقین کی کہ وہ محنت اوردیانتداری کو اپنا شعار بناتے ہوئے ورک مین ہونے کا حق اداکریں۔ اس موقع پر افسران اور ملازمین میں مٹھآئی تقسیم کی گئی اور ڈیلی ویجز ملازمین نے ورک مین کا درجہ ملنے کی خوشی میں سیاسی قیادت ، افسران اور سی بی اے یونین کے عہدیداروں کے حق میں واشگاف نعرے لگائے۔