فیصل آبادڈپٹی کمشنر علی شہزاد روزانہ کی بنیاد پر اپنے آفس میں عوامی مسائل سننے اور ان کے حل کے لئے متحرک ہیں۔انہوں نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کے محکمہ مال،صحت ودیگر محکموں سے متعلقہ مسائل تحمل مزاجی سے سنے اوران کے حل کے لئے موقع پر ہی اسسٹنٹ کمشنرز ودیگر متعلقہ افسران کو فون کال کرکے داد رسی کی ہدایت کی۔انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی افسران دفاتر میں آنے والے سائلین کے مسائل کے حل میں ذمہ داری دکھائیں اورشہریوں کو بے جا انتظار اور جائز کاموں میں تاخیری حربے استعمال نہ کئے جائیں۔انہوں نے مسائل لے کر آنے والے شہریوں سے کہا کہ ان کے آفس کے دروازے عوام کے لئے کھلے ہیں۔شہری بلارکاوٹ اپنے مسائل بیان کریں،جائز کاموں میں تاخیر نہیں ہوگی۔اس موقع پر شہریوں نے ان کے مسائل میں گہری دلچسپی لینے اور ان کے حل کے لئے افسران کو ہدایت دینے پر ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کا شکریہ اداکیا۔