فیصل آبادمحکمہ بلدیات حکومت پنجاب کی ہدایت پرماہ صفائی مہم کے سلسلے میں فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے صفائی و آگاہی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔صفائی پلان کے مطابق کوڑا کرکٹ کے ڈھیر،پلاٹوں کی صفائی، چونے کا چھڑکاؤ،کنٹینرز کی مرمت،سڑکوں کی مکینیکل سویپنگ اور واشنگ سمیت پسماندہ یونین کونسلوں کی صفائی اولین ترجیح قرار دی گئی ہے۔اس ضمن میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد بلال فیروز جوئیہ کی زیر صدارت آپریشن،آئی ٹی اور کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے جملہ افسران کا اجلاس ہوا جس میں فروری کے مہینے کو بطور ماہ صفائی منانے کے حوالے سے کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے کہا کہ تمام ڈیپارٹمنٹ باہمی تعاون کے ساتھ 28 جنوری سے 28 فروری تک جاری ماہ صفائی کو کامیاب بنائیں۔صفائی آپریشن میں کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہو گی۔یومیہ پرفارمنس رپورٹس مرتب کر کے ڈیٹا مرتب کیا جائے تا کہ ہر افسر کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جا سکے۔افسران نہایت تندہی اور جذبے کے ساتھ کام کرتے ہوئے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو پنجاب کی بہترین سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر جی ایم آپریشن کرنل (ر)عماد اقبال گل نے صفائی پلان پر بریفنگ کے دوران بتایا کہ دستیاب وسائل کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر 8 یونین کونسلوں میں زیرو ویسٹ آپریشن کیا جائے گا جہاں خالی پلاٹوں کی صفائی،اہم شاہراوں و عبادتگاہوں کے اطراف چونے سے مارکنگ،کنٹینرز کی مرمت،متبادل کنٹینرز کی فراہمی اور گلیوں سے ملبہ اٹھانے جیسے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ مکینیکل سویپنگ اور مکینیکل واشنگ کیلئے بھی ایام کو مختص کیا گیا ہے۔ڈپٹی منیجر کمیونیکیشن مطیب ورک نے بتایا کہ صفائی آگاہی مہم کیلئے علماء کرام، سول سوسائٹی اوراین جی اوز کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کی جائیں گی۔سکول و کالجز میں بھی آگاہی سیمینارز کا انعقاد،کمیونٹی موبلائزیشن کے ذریعے گھر گھر صفائی کا پیغام بھی دیا جائے گا، اہم مقامات پر آگاہی کیمپس کے علاوہ گھنٹہ گھر اور آٹھ بازاروں میں خصوصی آگاہی مہم بھی صفائی پلان کا حصہ ہے۔