فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)حکومت پنجاب کی ہدایات پر ماہ صفائی مہم کے سلسلے میں فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام آگاہی واک منعقد ہوئی۔ اقبال چوک صدر بازار غلام محمد آباد سے نکالی گئی ریلی مختلف راستوں سے گزری۔واک کی قیادت رکن قومی اسمبلی شیخ خرم شہزاد، چیئرمین ایف ڈبلیو ایم سی ولید ارشد ڈوگر اور سی ای او محمد بلال فیروز جوئیہ نے کی۔چیف ٹریفک آفیسر ملک تنویرکے علاوہ ممبر پنجاب بار کونسل فاروق ڈوگر،مذہبی رہنما مولانا محمد حفیظ،ارشد قاسمی،تاجر برادری سے ابوبکر سنگھیڑہ، سول سوسائٹی کے افراد، وکلاء، سکول، کالج، مدارس،یونیورسٹی کے طلباءبھی شریک تھے۔ایم این اے اورچیئرمین ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے کہا کہ صفائی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ فیصل آباد ہمارا اپنا گھر ہے جسے مل کرصاف رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول قائم رکھنا ہم سب کا فرض ہے۔انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو صفائی مہم کو کامیابی سے مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔سی ای او نے بتایاکہ ماہ صفائی کے دوران 28 فروری کو کوڑے کے ڈھیروں کی تلفی اور صفائی،کھلے مین ہولزکو کور کرنے اور خراب سیوریج لائینوں کی مرمت ودیکھ بھال،وال چاکنگ کی صفائی،مذہبی مقامات،پارکس،سٹرکوں ودیگر مقامات کی صفائی کی جارہی ہے۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ مہم کے دوران عملہ سے تعاون کریں،کوڑا کرکٹ شاہرات وسیوریج لائینوں میں نہ پھینکیں،کوڑا دان میں کوڑا ڈالیں تاکہ ماہ صفائی مہم کو کامیاب سے ہمکنار کیا جاسکے۔اس موقع پر شہریوں میں آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے.