فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو،یونیسف اوراین جی او سرچ فار جسٹس کے اشتراک سے بچوں کو تشدد سے بچاؤ اور پروموشن آف آن لائن سیفٹی اینڈ پازیٹو ڈسپلنگ کے حوالے سے بوائز وگرلز سرکاری سکولوں کے اساتذہ کے لئے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے۔سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی علی احمد سیان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن اعجاز اسلم ڈوگر اور دیگر بھی موجود تھے۔دو روزہ ٹریننگ سیشن میں سرکاری سکولوں کے 40 مرد وخواتین کو ماسٹر ٹرینرز کی طرف سے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ٹریننگ اور سوال جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا۔سی ای او نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور انہیں تشدد،ناقابل مذمت رویے سے بچانے کے لئے ہرسطح پر اقدامات کرنے چاہیں۔انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ وہ ٹریننگ میں حاصل کردہ معلومات کو آگے پھیلائیں۔ڈسٹرکٹ آفیسر نے بچوں کی فلاح وبہبود اور معاشرے میں ان کا جائز حق دلوانے کے لئے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ بیورو کے کردار سے آگاہ کرتے ہوئے ورکشاپ کے انعقاد کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی.