فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)سیکرٹری آثار قدیمہ پنجاب ثاقب منان نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور ڈی سی آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ریچ ایوری ڈور کورونا ویکسینیشن مہم فیز تھری پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند، اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر بلال احمد،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،سیکرٹری آرٹی اے محمد سرور کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔سیکرٹری آثار قدیمہ پنجاب نے کہا کہ وہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر ریڈ کمپین تھری پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔انہوں نے ہیلتھ اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ 14 فروری تک جاری رہنے والی مہم میں زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگائیں اس ضمن میں آگاہی کے لئے تمام تر تشہیری ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ آؤٹ ریچ ٹیموں کو دیئے گئے اہداف کا مسلسل جائزہ لیں اور مقررہ ہدف ہر صورت مکمل ہونا چاہیے۔سیکرٹری آثار قدیمہ نے آؤٹ ریچ ٹیموں کی کارکردگی کو چیک کرنے کے لئے اچانک مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور گھروں پر دستک دیکر اہلخانہ سے کورونا ویکسینیشن ہونے کی تصدیق اور اہل محلہ سے ٹیموں کے آنے کے بارے میں بھی دریافت کیا۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریچ ایوری ڈور کورونا ویکسینیشن مہم تھری میں 2600 آؤٹ ریچ ٹیمیں گھر گھر جاکر 12 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگنے کی تصدیق اور رہ جانے والے افراد کو ویکسین کی پہلی اور دوسری ڈوز لگارہی ہیں جن کی کارکردگی کی بھی دوہری مانیٹرنگ جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 32 لاکھ 29 ہزار افراد مکمل ویکسینیٹ ہوچکے ہیں لیکن ابھی بھی جنہوں نے فرسٹ اور سیکنڈ ڈوز نہیں لگوائی وہ اپنی اور دوسروں کی صحت کے تحفظ کے لئے سنجیدہ ہوں اور ویکسینیشن کرائیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ ویکسینیشن نہ کرانے والوں کی موبائل سمزوبینک اکاؤنٹ بلاک سمیت دیگر سخت پابندیاں بھی لگ سکتی ہیں جبکہ انکاری کیسز سے بھی نمٹنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔سی ای او ہیلتھ نے بتایا کہ آؤٹ ریچ ٹیموں کے ساتھ ساتھ 37 کورونا ویکسینیشن سنٹر بھی فنکشنل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مکمل آبادی کو ویکسین لگانے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں شہریوں کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔