فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے حکومت پنجاب کی ہدایات پر جاری” ماہ صفائی” مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی بھرپور کاوشیں جاری ہیں اس سلسلے میں معمول کی صفائی کے ساتھ ساتھ خصوصی صفائی آپریشن بھی کئے جا رہے ہیں۔ایف ڈبلیو ایم سی کی مشینری اور عملہ فیصل آباد کے حسن کو نکھارنے کے لیے سرگرم ہے۔صفائی مہم کے تحت گزشتہ روز چیف ایگزیکٹیو آفیسر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد بلال فیروز جوئیہ نے لیاقت ٹاؤن، حق باہو ٹاؤن اور ابن مریم کالونی کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو صفائی ستھرائی کی معیاری سہولیات کیلئے بلاتفریق صفائی آپریشنز جاری رکھے جائیں۔کسی بھی علاقے میں ٹارگٹڈ صفائی آپریشن شروع کرنے سے قبل بھرپور منصوبہ بندی کی جائے۔گلیوں و سڑکوں پر ملبے کے ڈھیر کسی صورت برداشت نہیں کئے جا ئیں گے۔ ان کے ہمراہ جی ایم آپریشن کرنل (ر) عماد اقبال گل،منیجر آپریشن عبداللہ نذیر باجوہ اور اسسٹنٹ منیجر آپریشن برہان حنیف بھی موجود تھے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایف ڈبلیو ایم سی نے مزید کہا کہ صفائی آپریشن کے بعد اسی علاقے میں بھرپورعوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے تا کہ گھر گھر صفائی کا پیغام عام ہو۔ شہری بھی صفائی قائم رکھنے میں ایف ڈبلیو ایم سی کا ساتھ دیں،شاہراہوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے سے اجتناب کریں۔