فیصل آباد(نمائندہ ایف ٹی وی)وزیراعظم پاکستان کے ٹن بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کے اشتراک سے موسم بہار کی ٹری پلانٹیشن مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے دوران ڈویژن بھر میں 30 اپریل تک 42 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ڈویژنل کمشنر زاہد حسین اور ڈپٹی کمشنر علی شہزادنے سکاؤٹس کے ہمراہ گورنمنٹ کریسنٹ ماڈل بوائز ہائر سیکنڈری سکول بولے دی جھگی شیخوپورہ روڑ میں پودے لگائے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمدیوسف،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان،ڈویژنل فاریسٹ آفیسرز وجیہہ الدین، محمد علی بٹ،اساتذہ اور طالب علموں نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کا کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام ماحولیاتی تحفظ کے لئے انتہائی اہمیت وافادیت کا حامل ہے جو کہ آئندہ نسلوں کو خوشگوار ماحول کی فراہمی کا ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں دستیاب اراضی پر شجرکاری کے وسیع پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے گا اور مقررہ ٹارگٹ سے زائد پودے لگانے کے لئے متعلقہ محکموں کو متحرک کیا جارہا ہے جبکہ لگائے جانے والے پودوں کی بقاء وسلامتی میں بھی کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ درختوں کی تعداد میں اضافہ کرکے موسم کی سختیوں اور ماحول کو درپیش مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے اس ضمن میں اربن فاریسٹ کے منصوبے بھی قائم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لگائے گئے پودوں کی نگہداشت کو بھی یقینی بنایا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ each one plant oneکے پیغام کو عام کرکے زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ان کی پرورش کی جائے جس سے نہ صرف ماحول سرسبز وشاداب ہوگا بلکہ درخت لگانا صدقہ جاریہ اور باعث ثواب بھی ہے۔انہوں نے پودا لگا کر اس کے پروان چڑھنے اور کلین اینڈ گرین پروگرام کی کامیابی کی دعا کی۔انہوں نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ وہ انسداد کورونا اقدامات کو بروئے کار لاتے ہوئے شجرکاری مہم بھی جاری رکھیں تاکہ ماحول کو صاف شفاف رکھنے کا ٹاسک بھی مکمل ہوسکے۔