فیصل آباد(حمزہ اکرم)سالانہ ویٹ پروکیورمنٹ مہم کے دوران فیصل آباد میں ایک لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقررکیا گیا ہے اس مقصد کے لئے 11 خریداری سنٹرز پر کاشتکاروں سے 2200 روپے 40 کلو گرام کے حساب سے گندم خریدی جائے گی۔یہ بات ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے صوبائی سیکرٹری آثار قدیمہ/انچارج گندم خریداری مہم ثاقب منان کو دورہ فیصل آباد کے موقع پر ڈی سی آفس میں بریفنگ سیشن کے دوران بتائی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز فضل ربی چیمہ،قیصر عباس رند،اسسٹنٹ کمشنرز عمر مقبول،صاحبزادہ محمد یوسف،ڈی ایف سی وقار یوسف،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت خالد محمود اور دیگر افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 15۔ اپریل سے گندم خریداری مہم شروع ہونے کی توقع ہے جبکہ 11۔اپریل سے باردانہ کی تقسیم کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے موٹر وے انٹرچینجز پر ڈیوٹیاں بھی لگائی گئی ہیں اسی طرح ضلع بھر میں مہم کی مکمل مانیٹرنگ بھی ہوگی۔سیکرٹری آثار قدیمہ پنجاب نے مہم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں گندم خریداری مہم کے آغاز سے قبل جامع ایکشن پلان کے تحت تمام تر ضروری انتظامات ہر لحاظ سے مکمل ہونے چاہئیں اس ضمن میں معمولی سی بھی کمی،غفلت،کوتاہی،لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کے مفادات کا ہر ممکن خیال رکھتے ہوئے انہیں آسانیاں فراہم کی جائیں اور مڈل مین کی سختی سے حوصلہ شکنی ہونی چاہیے تاکہ حکومتی خواہش کے مطابق کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پھل بلا رکاوٹ مل سکے۔انہوں نے کہا کہ خریداری مراکز پر کسانوں کے بیٹھنے کیلئے سایہ دار جگہ،کرسیاں،پنکھے اور دیگر سہولتیں ہمہ وقت دستیاب رہنی چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو قطار کی زحمت سے بچانے کیلئے مؤثر حکمت عملی وضع کی جائے اور سینٹرز پر نظم و ضبط کے علاوہ سکیورٹی اقدامات میں نرمی نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے ڈیوٹی سٹاف سے کہا کہ وہ مہم کو احسن طریقے سے مکمل کرنے کیلئے اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور انداز میں نبھائیں۔سیکرٹری نے کہا کہ خریداری مراکز پر ضروری انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وہ بھی اچانک دورہ کریں گے اور نامکمل انتظامات پر متعلقہ انچارجز کے خلاف کارروائی ہوگی۔اس موقع پر ڈی ایف سی نے انہیں گندم کی خریداری مہم کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات سے بھی ۱ٓگاہ کیا