فیصل آباد(حمزہ اکرم)ڈاکٹرحبیب احمد بٹر مدت ملازمت مکمل ہونے پر سرکاری ملازمت سے ریٹائرہوگئے۔وہ چلڈرن ہسپتال میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے عہدہ پر فائزتھے۔ان کی ریٹائرمنٹ پر چلڈرن ہسپتال میں ایک سادہ تقریب منعقد ہوئی جس میں چائلڈ سپشلسٹ پروفیسر ڈاکٹر حناعائشہ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ڈاکٹر آصف حمید سلیمی،سابق ایم ایس ڈاکٹر اعجاز اختر،حافظ ثاقب وڑائچ،ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر سفیان جاوید،ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر آصف ورک، ڈائریکٹر فنانس شہزاد چھٹہ،پروفیسر ڈاکٹر خواجہ امجد،عاطف محبوب بٹر،سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان اور دیگر افسران کے علاوہ ہسپتال کے ڈاکٹرزاور پیرامیڈیکس سٹاف نے شرکت کی۔ڈاکٹر حنا عائشہ ودیگر ڈاکٹرز اور شرکاء نے باعزت ریٹائرمنٹ پر ڈاکٹر حبیب بٹر کو مبارکباداور شعبہ صحت میں ان کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ لوگ ڈاکٹرز کو مسیحا سمجھتے ہیں اور ڈاکٹر حبیب بٹر نے دوران ملازمت اپنے فرائض خلوص،نیک نیتی اور احسن طریقے سے ادا کرتے ہوئے لوگوں کے اس خیال کو سچ ثابت کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ باعزت طریقے سے ریٹائرمنٹ کسی بھی آفیسرکے لئے خوش قسمتی اور بڑے اعزاز سے کم نہیں اور انہوں نے آئندہ بھی یہی توقع ظاہر کی کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے سبکدوش نہیں ہوں گے اور اب نجی طور پر دکھی انسانیت کی خدمت کا یہ سفر جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہونے کے بعد بھی ڈاکٹر کے مقام اور مرتبے میں کوئی کمی نہیں آتی اور وہ لوگوں کو علاج معالجے کی سہولت بہم پہنچانے کی خدمت جاری رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیشہ وارانہ شعبوں سے وابستہ ٹیکنیکل افراد کبھی ریٹائر نہیں ہوتے اور اُن کا یہ سفر تمام عمر جاری رہتا ہے۔انہوں نے چلڈرن ہسپتال میں نونہالان کے علاج معالجہ سمیت ہسپتال کی مجموعی ترقی وفلاح کیلئے فرنٹ فٹ پر خدمات انجام دینے پر ڈاکٹر حبیب بٹر کو سلام پیش کیا اور ان کی درازی عمر وصحت وتندرستی کی دعا کی۔ریٹائر ہونیوالے ڈاکٹر حبیب احمد بٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی ذات نے سرکاری فرائض کی انجام دہی کیلئے جو ذمہ داریاں دیں اسے پورا کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کیں۔ انہوں نے ریٹائرمنٹ پر تقریب کے انعقاد پر ہسپتال انتظامیہ ودیگر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مستقبل میں بھی دکھی انسانیت کی خدمت کا مشن جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ادارے سے جو عزت،پیار اور خلوص ملا ہے وہ میرے لئے اثاثہ ہے جسے کسی طور بھلایا نہیں جا سکتا۔تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر حبیب احمد بٹر کو یادگاری شیلڈ سمیت دیگر تحائف بھی دیئے گئے۔