فیصل آباد(حمزہ اکرم)ٹی 20 فلڈ لائٹ ساگا پریمیئر لیگ کرکٹ چیمپیئن شپ اقبال سٹیڈیم میں شروع ہوگئی۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کرکٹ بال کو ہٹ لگا کر چیمپیئن شپ کا افتتاح کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل قیصر عباس رند،اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف،کیئر ٹیکر اقبال سٹیڈیم نوید نذیر،کوآرڈینیٹر کاشف فریداور دیگر منتظمین بھی موجود تھے۔چیمپیئن شپ میں روزانہ دومیچز کھیلے جائیں گے اورسٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کا داخلہ فری ہے۔پریمیئرلیگ میں مجموعی طور پر 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیاگیا ہے اورہر ٹیم میں نامور کرکٹرز شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد اقبال سٹیڈیم میں کرکٹ چیمپیئن شپ کا انعقاد خوش آئند ہے اور ٹورنامنٹ میں شائقین کرکٹ کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کھیلوں کی ترویج وترقی پر پختہ یقین رکھتی ہے اور چیمپیئن شپ کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام تر انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ پاکستان کا نامور کھیل ہے اور فیصل آباد نے کرکٹ کے میدان میں بڑے پلیئرز پیدا کئے ہیں جو اس لیگ میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کی۔کوآرڈینیٹر نے بتایا کہ چیمپئن شپ 25۔اپریل تک جاری رہے گی۔