فیصل آباد ( حمزہ اکرم) طلبہ کی خداداد صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے ہاکس پروگریسو سکول کے زیر اہتمام ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ہوا جس میں نجی شعبہ سے تعلق رکھنے والے تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یہ شاندار تقریب فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے آڈیٹوریم میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے صدر خالد حیات کموکا تھے۔ اس تقریب میں الحمرا ایجوکیشن سسٹم نے انگلش سپیکنگ بی کمپی ٹیشن میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح الحمرا کے بچوں نے قومی ترانہ کے مقابلہ میں دوسری، ٹیبلو میں پہلی اور شاعری میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس مقابلے میں ہاکس پروگریسو سکول، لاہور گرائمر سکول، ٹپس سکول، شبلی گرائمر سکول، سپارک ایجوکیشنل کمپلیکس اور ایلیا کیئر فاؤنڈیشن سمیت بڑی تعداد میں نجی سکولوں کے طلبہ نے حصہ لیا۔ تاہم بہترین کارکردگی کی بنا پر الحمرا سکول سسٹم کو ٹرافی کا حقدار قرار دیا گیا۔ مہمان خصوصی خالد حیات کموکا نے میڈم زمردکی قیادت میں الحمرا سکول کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور بعد میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر سکول کے ڈائریکٹر خرم بن رشید بھی موجود تھے۔