فیصل آباد(حمزہ اکرم) ہیلتھ سیفٹی انوائرمنٹ (HSE)ڈائریکٹوریٹ فیسکو نے مون سون کے موسم کے پیش نظر عوام الناس کی حفاظت کی آگاہی مہم کا آغاز اور ہدایات جاری کر دی ہیں۔چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمد نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ ان گائیڈ لائنز پر عمل پیرا ہوں تاکہ بارشوں کے موسم میں کرنٹ لگنے اور بجلی کے ممکنہ حادثات سے بچا جاسکے۔صارفین بجلی سے متعلقہ کسی بھی قسم کے مسئلہ کی صورت میں بل پر درج فیسکو سب ڈویژن کے نمبر،ٹول فری ہیلپ لائن 118،080066554یا فیسکو ہیڈکوارٹرزکے کمپلینٹ سنٹر کے نمبرز 0419220290اور0419220618پر رابطہ کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثہ سے بچا جاسکے۔فیسکو صارفین کو بجلی کی بلا تعطل سپلائی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صارفین کی جان و املاک کی حفاظت کوبھی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے جس کیلئے صارفین فیسکو سے تعاون کریں۔صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لائسنس یافتہ الیکٹریشن کے ذریعہ گھر کی اندرونی وائرنگ کا باقاعدہ معائنہ کریں اور اپنے گھر / دکان / فیکٹری سے فوری طور پر ٹوٹے ہوئے / ناقص برقی سوئچ، پلگ، ہولڈر اور ٹوٹ جانے والی کیبل کو تبدیل کریں۔ نجی الیکٹریشن اور کیبل آپریٹر بجلی کے تقسیمی نظام / یوٹیلیٹی پول پر کام کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔ موٹرسائیکلوں، بائیسکلوں اور جانوروں کو بجلی کے کھمبوں / ڈھانچوں / ٹاور اور سٹے وائر کے ساتھ یا قریب نہیں باندھنا چاہئے تا کہ بجلی کے جھٹکے سے محفوظ رہ سکیں۔بچوں کو عام حالات اور خاص طور پر بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور لائنوں کے قریب نہیں کھیلنا چاہئے۔تمام دھاتی اشیاء کو بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں تاکہ وہ اسے بجلی کے ساکٹ میں نہ ڈال سکیں۔بجلی کی لائنوں کے ساتھ منسلک کسی بھی شے کو چھونے یا اسے ہٹانے کی کوشش نہ کریں بلکہ اس کام میں مدد کیلئے فیسکو عملے کو کال کریں۔بجلی کی لائنوں کے نیچے یا قریب کھدائی، گڑھا یا واٹر پمپ کیلئے بورہرگز نہ کریں۔ بارش کے دوران بجلی کے کھمبے، دھاتی ساخت، نیچے / لٹکنے والی بجلی کی لائنوں اورلائنوں پر گرے درخت سے3 میٹر (10 فٹ) کا فاصلہ رکھیں۔اگر بجلی کی لائنیں نیچے گرجائیں یا بجلی کے پول اور ٹرانسفارمرمیں کوئی غیر معمولی حالت محسوس ہوتو فوری طور پرمتعلقہ فیسکوسب ڈویژن کے عملے کو مطلع کریں۔ اس جگہ سے3 میٹر (10 فٹ) دور رہیں اور نہ ہی اسے عبور کریں اور فیسکو عملہ کا انتظار کریں۔بجلی کی نیچی لائن کے قریب پانی مت چھوئیں اور نہ اس پر قدم رکھیں،یہ فرض کریں کہ بجلی کی لائن چالو حالت میں ہے۔بجلی کی نیچی لائن کے نیچے گاڑی نہ چلائیں۔اگر کوئی بجلی سے چلنے والی لائنوں کا شکار ہو جائے تواسے بچانے کی کوشش نہ کریں کیونکہ آپ بھی شکار بن سکتے ہیں۔